شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / پاکستان / قطر کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی سود مند رہیں: شاہ محمود قریشی

قطر کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی سود مند رہیں: شاہ محمود قریشی

دوحہ (مانیٹرنگ سیل) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی سفارت خانے کے افسران و کمیونٹی نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم نے معاشی سفارتکاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر میں ہیں جہاں انہوں نے قطری نائب امیر، وزیر اعظم اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد دوحہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے حالیہ دورہ قطر سے متعلق پاکستانی کمیونٹی کو اعتماد لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے معاشی بحران سے نکالیں گے۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے معاشی سفارت کاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، یہ دورہ قطر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج قطر کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی سودمندرہیں، پاکستان نے اپنی سمت وضع کرلی، جلد اچھی خوش خبریاں سنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام گلف ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں، قطر کے ساتھ بھی مضبوط روابط ہیں، خطے میں استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان سفارت کاروں کو موقع دیں گے جو بہتر نتائج سامنے لائیں گے، ملک میں انویسٹمنٹ کو برتری دیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ آپ میں سے ہر شخص پاکستان کا سفیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں  وزیراعظم کی حضرت محمدﷺ کی ولادت کے موقع پر مسلمانان عالم کومبارکباد