شمالی وزیرستان:24گھنٹوں میں دوسراڈرون حملہ،4ہلاک
میران شاہ: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان پر 24 گھنٹوں کے دوران دوسرے ڈرون حملے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دی نیوز ٹرائب کے نمائندے کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں ایک بازار کے قریب مکان پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر4 افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ مذکورہ مکان کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا۔
امریکی جاسوس طیارے میزائل حملے کے بعد بھی مسلسل فضاء میں پرواز کرتے رہے جس سے مکینوں میں سخت خوف ہراس پھیل گیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تاحال امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی جاسکیں جب کہ ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔ مارے جانے والے دہشت گرد تھے یا عام شہری اس حوالے سے پولیٹیکل انتظامیہ اور کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ واضح رہے کہ بدھ کی صبح ڈرون طیاروں نے شمالی وزیرستان میں ہی میزائل حملے کیے تھے جس میں 10 ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ۔ اس طرح 24 گھنٹوں میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
امدادی کارروائیاں شروع نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
You must be logged in to post a comment.