تازہ ترینعلاقائی

متحدہ قومی موومنٹ کے پیپلزپارٹی پر الزامات بے بنیاد ہیں،شرجیل میمن

sharjeel memonکراچی(نامہ نگار) صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے پیپلزپارٹی پر الزامات بے بنیاد ہیں،موجودہ دور حکومت میں پیپلزپارٹی کے لوگوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، پیپلزپارٹی نے سندھ میں اکثریت کے باوجود ہمیشہ دوسری جماعتوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا، کبھی کسی معاملہ کو انا کا مسئلہ نہیں سمجھاہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شب متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومت سے علیحدگی کے بعد جاری بیان میں کہی۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک الگ جماعت ہے ان کا الگ موقف ہے، کراچی میں بدامنی پر ہمیں بھی افسوس ہے، تاہم اس سے نمٹنے کیلئے سب جماعتوں کو مل کر کردار اداکرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پیپلزپارٹی پر بدامنی کے الزامات لگانا افسوس ناک عمل ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما بھی قتل ہوتے رہے ہیں اور ہم پر ہی الزامات عائد کیے جارہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں پیپلزپارٹی کی قیادت متحدہ قومی موومنٹ پر کوئی الزام نہیں لگائے گی، ہم نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے انا کا مسئلہ نہیں بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید کوئی کشیدگی برداشت نہیں کرسکتا، ہماری طرف سے بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ میں اکثریت حاصل ہے تاہم اس کے باوجود پیپلزپارٹی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button