پاکستانتازہ ترین

پاکستان مسلم لیگ بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے،چوہدری شجاعت حسین

shujat hussainاسلام آباد (محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے اور ملک بھر میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے مابین امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے مسیحی بھائیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو ہمیشہ اقلیتی برادری کے ساتھ ان کے تہوار مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہے کہ ملک میں بسنے والے تمام شہری صرف پاکستانی ہیں اور پاکستان کے علاوہ ان کی کوئی دوسری شناخت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اقلیتوں کا لفظ بہت کم استعمال کیا جانا چاہئے، پاکستان کے شہری پاکستانی اور قانون کی نظر میں برابر ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جو ہر سال کرسمس اور ایسٹر کا تہوار مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شخص اس وقت تک مسلمان نہیں کہلا سکتا جب تک وہ حضرت عیسی علیہ السلام کی نبوت پر ایمان نہ لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے 2002ء میں ملک میں اقلیتوں کے دوہرے ووٹ کا حق دیا اور سینیٹ سمیت تمام اسمبلیوں میں اقلیتوں کیلئے سیٹیں مختص کیں۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقلیتی برادری نے پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دئیے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں بھی پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دے کر کامیاب کرائے گی۔ قومی ہم آہنگی کے وزیر مملکت اکرم مسیح گل نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ اقلیتوں کیلئے بھی تاریخی کام کیے، اپنے دور حکومت میں 47 ادارے مسیحی برادری کو واپس کیے اور سرکاری اداروں میں ملازمت کیلئے اقلیتوں کیلئے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا اور مستحقین میں لاکھوں روپے کے چیک تقسیم کیے۔ مسلم لیگ ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ رنگ برنگی تقریب میں امریکہ، چین، سوڈان، فلسطین، مصر، جاپان، نیپال، کوریا اور یوکرائن سمیت دیگر ممالک کے سفیروں جبکہ بھارت، انگلینڈ، بلجیم اور سپین کے ڈپٹی ہیڈ مشن نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے ہزاروں افراد نے فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں کرسمس کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں تحائف اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں  فیصلے میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ گیلانی وزیراعظم نہیں،چوہدری شجاعت

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker