پاکستان

اسلام آباد: سینیٹ کے الیکشن میں خریداری ہوئی، چوہدری شجاعت حسین

اسلام آباد (بیوروچیف) انتخابی اصلاحات کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے تحریری جواب جمع کرا دیا۔ اٹارنی جنرل نے وفاق کا جواب داخل کرانے کیلئے مہلت مانگ لی ہے۔ چوہدری شجاعت کہتے ہیں سینیٹ الیکشن میں نیلامی ہوئی۔
چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ وفاق کا جواب عدالت میں جمع نہیں کرایا جا سکا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وفاق کا مؤقف نہ سنا تو کل نظر ثانی کی درخواست آجائے گی۔
مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین نے عدالت کے روبرو چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے بیان دیا کہ منتخب ارکان اخراجات کے حوالے سے ہمیشہ غلط بیانی کرتے ہیں۔ سینیٹ کے حالیہ انتخابات کچھ صوبوں کی حد تک نیلامی تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت قابل احترام ہیں۔ انھوں نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی بات کی ہے۔ کیس کی سماعت نو اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں چوہدری سجاعت حسین کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔  مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ عدالت نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو نوٹس جاری کئے تھے لیکن کوئی حاضر نہیں ہوا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران الیکشن قوانین کی دھجیاں اڑانے والے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے تاکہ قانون کا مذاق اڑانے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker