تازہ ترینعلاقائی

سیالکوٹ: حکومت پنجاب کے منتخب اضلاع میں صفائی کا نظام ٹی ایم ایز سے لیکر ویسٹ کمپنیوں کے حوالے

سیالکوٹ(سعید پاشا)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ لاہورسالڈ ویسٹ کمپنی کے کامیاب تجربہ کے بعد حکومت پنجاب صوبے کے منتخب اضلاع میں صفائی کا نظام ٹی ایم ایز سے لیکر ویسٹ کمپنیوں کے حوالے کردیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی او سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد منشاء اللہ بٹ ، ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی ساہو ، رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، ای ڈی او فنانس سیالکوٹ ندیم سرور، ایم ڈی کمپنی رانا اظہر، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سیالکوٹ تجمل عباس رانا اور ٹی ایم او سیالکوٹ محمد ظفر قریشی بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ایم ڈی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے یونین کونسل کی سطح پر صفائی ستھرائی کا مائیکروپلان بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی کی ذمہ داری ٹی ایم اے سیالکوٹ کی بجائے اب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹی ایم اے سیالکوٹ سے شعبہ صفائی کے عملہ اور مشینری کو کمپنی کے سپرد کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کمپنی کے سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کمپنی کے ملازمین کی سیفٹی کیلئے ورکنگ گلوز، ماسک ، شوز اور یونیفارم فراہم کیا جائے ۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ اور منتخب نمائندے ایک ٹیم کی طرح کام کرینگے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button