تازہ ترینعلاقائی

سیالکوٹ: سول ہسپتال ڈسکہ میں قائم شعبہ امراض دل میں ڈاکٹر مریضوں کو چیک کرتے ہوئے

سیالکوٹ( سعید پاشا) سول ہسپتال ڈسکہ میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو بنے تین ماہ ہو گئے ہیں لیکن صوبائی محکمہ صحت تاحال وہاں مریضوں کے لئے دل وارڈ نہیں بنا سکا اور نہ ہی وہاں طبی آلات، ضروری جدید مشینری، ای سی جی مشینیں، پیرا میڈیکل سٹاف اور ادویات فراہم کی جا سکی ہیں۔ جس کی وجہ سے وہاں آنے والے دل کی امراض کے مریضوں کو اپنے علاج و معالجہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تین ماہ قبل صوبائی حکومت نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر لیول سول ہسپتال ڈسکہ میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ قائم کیا تھا تا کہ دل کی امراض میں مبتلا مقامی مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ لیکن وہاں تاحال کوئی دل وارڈ نہیں بنائی گئی۔ یہ شعبہ امراض دل صرف ایک چھوٹے سے کمرے میں کام کر رہا ہے۔ جہاں متعین کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر محمد ظہیر الدین بابر مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں۔ اس شعبہ علاج برائے امراض دل میں مذید ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف کی اشد ضرورت ہے۔ وہاں کوئی سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم، سینٹرل آکسیجن سسٹم، بیڈز، ہیڈ بورڈز، ڈیفی بریلیٹرز، ایکسٹرنل پیس میکر ڈیوائس، وینٹی لیٹر سسٹم، پورٹیبل وینٹی لیٹر سسٹم، انیستھیٹک سسٹم، انٹو بیٹرز ، ای سی جی مشینیں، بلڈ گلوکوز مانیٹرنگ سسٹم ، کارڈیک لیبارٹری ، آئی سی یو بیک اپ اور ایکو مشینیں سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ جبکہ وہاں دل کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔تین ماہ گزر جانے کے باوجود بھی وہاں تاحال کوئی آئی سی یو، کوئی سی سی یو قائم ہی نہیں کیا گیا۔ سول ہسپتال ڈسکہ میں شعبہ برائے علاج امراض دل کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے مگر وہاں تمام آلات، جدید مشینری، سٹاف اور ادویات کی عدم فراہمی نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ دل کے مریضوں کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے۔ پہلے دل کے مریض علاج کے لئے یہاں آتے ہیں جہاں اس تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر ان مریضوں کو دوسرے سرکاری یا نجی ہسپتالوں میں ریفر کر دیا جاتا ہے۔ ڈسکہ کے سماجی، معاشی، سیاسی اور کاروباری حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مقامی منتخب عوامی نمائندوں کو مقامی سماجی و عوامی مسائل کے حل میں مبینہ طور پر دلچسپی نہ لینے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن خواجہ شمائل احمد اور ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی ساہو سے فوری اصلاح احوال کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ اس ضمن میں رابطہ پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈسکہ ڈاکٹر سجاد نبی سیان نے کہا کہ انہوں نے بار ہا یہ ساری صورتحال متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائی ہے لیکن ابھی تک یہ مسائل حل نہیں ہوئے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ذوالفقار احمد بھون نے بتایا کہ انہوں نے اس اہم مسئلہ کے حل کے لئے ڈسکہ کو مخیر حضرات سے میٹنگ کر کے ان سے مالی تعاون کاکہا ہے۔ جس پر مقامی تاجروں اور مخیر حضرات نے مذکورہ کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے میں اپنے بھرپور عطیات دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں  عمران خان نے منہ سے نکالے ہوئے الفاظ کو چاٹ لیا،افتخار چوہدری

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker