تازہ ترینعلاقائی

سنجھورو:آئل فیلڈ میں ملازمتوں میں نظراندازکرنے کیخلاف نوجوانوں کا احتجاجی مظاہرہ

Sinjhoro Oil Foeld Ahtajaj PICسنجھورو (نامہ نگار) راؤتیانی کے مقام پر قائم سنجھورو آئل اینڈ گیس فیلڈ میں ملازمتوں کے سلسلے میں تحصیل سنجھورو کے مقامی افراد کو نظر انداز کرنے کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نواب شاہ ۔ سانگھڑ روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سماجی راہنما سید مقیم شاہ نے کہا کہ سنجھورو آئل اینڈ گیس فیلڈ میں ٹنڈو آدم آئل فیلڈ اور بوبی آئل فیلڈ کی طرح مقامی افراد کو ملازمتوں کے سلسلے میں مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔فیلڈ مینیجر بشیر احمد نے رشوت کے عوض آئل فیلڈ میں دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھرتی کر لیاہے۔روزانہ 66 کروڑ کی آمدنی دینے والی مذکورہ آئل فیلڈز میں 44 کنوؤں پر 1300 سے زائداسامیاں ہیں لیکن کرپٹ فیلڈ مینیجر پانچ لاکھ سے دس لاکھ تک رشوت کے عوض دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھرتی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مینیجر نے 44 غیر مقامی افراد کو بھرتی کرلیا ہے جبکہ 135 غیر مقامی افراد کی فہرست اپروول کے لئے اسلام آباد ارسال کردی ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سماجی راہنما گاہی خان چانگ نے کہا کہ قانون کے مطابق جہاں سے قدرتی و معدنی وسائل حاصل ہوتے ہیں وہاں قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 35% حصہ علاقہ کے شہریوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوتا ہے لیکن گذشتہ 20 سال سے رائیلٹی نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے سنجھورو اور ٹنڈو آدم سمیت پور ے ضلع سانگھڑ میں اسپتالوں، اسکولوں اور سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔سماجی کارکن بھائی خان وسان نے کہا کہ مقامی افراد کو نظر انداز کرنے پر علاقہ کے لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے، ضلع سانگھڑ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے اور پاکستان کا سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والا ضلع ہونے کے باوجود ضلع کے عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔مظاہرین سے شوکت خاصخیلی، حاجی بخش اور شاہ نواز منگریو نے اپنے خطاب میں مقامی افسران اور عوامی نمائندوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سنجھورو آئل فیلڈ کی انظامیہ نے ان کے منہ بند کردئیے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ اپنے عوام سے ہونے والی نا انصافیوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف مطالبات درج تھے۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان ،صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، وزیر تیل اور گیس ،نیب اور F.I.A کے حکام اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سنجھورو سمیت ضلع سانگھڑ کی دیگر آئل فیلڈز میں ہونے والی بے ضابطگیوں ور مقامی افراد کو نظر انداز کئے جانے کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار کرپٹ افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور اس علاقہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کرتے ہوئے مقامی بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی اور علاقے کی فلاح و بہبود کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں  شکست نے عمران خان کو یاد دلایا کہ ایک صوبے میںان کی حکومت ہے :پرویز رشید

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker