تازہ ترینکھیل

برطانیہ، آسٹریلیا اور ہندوستان کرکٹ کے ٹھیکیدار بن گئے، ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا: پاکستان کرکٹ بورڈ

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ، آسٹریلیا اور ہندوستان کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ٹھیکیدار بن بیٹھے ہیں جو اس کے کئی حصوں کی من مانی بولی لگایا کریں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 5 رکنی اعلیٰ اختیاراتی ایگزیکٹو کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے حاصل کر لیا ہے جس میں بھارت ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو مستقل رکنیت حاصل ہو گی۔ آئی سی سی سے جاری اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی دو ممبران دوسرے ممالک سے لئے جائیں گے تاہم آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کو مالی و انتظامی معاملات سمیت اہم شعبوں میں امتیازی حیثیت حاصل ہو گی۔ اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی اور فنانس کمیٹیوں کو ازسر نو تشکیل دی جائے گی جس میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو مستقل ممبر شپ حاصل ہو گی ، بھارت 2 سال کیلئے آئی سی سی بورڈ کی چیئرمین شپ، آسٹریلیا کو ایگزیکٹو کمیٹی اور انگلینڈ کو فنانس کمیٹی ملے گی۔ آئی سی سی کو ”مضبوط قیادت“ دینے کے پیش نظر بھارت کو مرکزی ذمہ داری دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بگ تھری کو ٹیسٹ کرکٹ میں خصوصی مراعات دینے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جس کے مطابق تینوں ممالک کو دوسروں سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ فنڈ ملے گا اور ان ملکوں کے درمیان سیریز کے فیصلے میں آئی سی سی کا کردار بھی ختم ہو جائے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 2 روزہ اجلاس کے پہلے دن ”بگ تھری“ کے معاملے پر گرما گرم بحث ہوئی اور ذکاءاشرف کی آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے چیف ویلی ایڈورڈ سے تلخ کلامی ہو گئی۔ اجلاس میں پاکستان نے ان تجاویز کی کھیل کر مخالفت کی جس پر جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے کرکٹ بورڈز نے پاکستان کی بھرپور تائید کی ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن نے بنگلہ دیش کو عدم رضامندی کی صورت میں ایشیاءکپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔ میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جا رہا تھا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں 5 ممالک کی ”بگ تھری“ کی مخالفت کے بعد بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا کرکٹ پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چور ہوتا دکھائی دے رہا ہے لیکن آئی سی سی سے جاری ہونے والے اعلامیے نے یکسر سب کچھ بدل دیا ہے اور آگاہ کیا ہے کہ ’بگ تھری‘ کے کئی مطالبات مسترد اور بعض مطالبات ردوبدل کے بعد تسلیم کر لئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ پی سی بی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے تمام معاملات پر روشنی ڈالے گا اور گورننگ باڈی کے اجلاس میں بحث کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker