علاقائی

سرگودھا: محکمہ سوئی گیس کی بدعنوانیوں کیخلاف زبردست ڈنڈا بردار احتجاجی ریلی

سرگودہا﴿تحصیل رپورٹر﴾مثالی انصاف فائونڈیشن کے زیر اہتمام محکمہ سوئی گیس کی بدعنوانیوں کیخلاف زبردست ڈنڈا بردار احتجاجی ریلی ‘محکمہ گیس کے دفتر کے باہر دھرنا ‘مظاہرین نے سرگودہا لاہور روڈ کو ایک گھنٹہ تک بلاک کیے رکھا جس کے باعث ٹریفک نظام جام ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس سرگودہا نے اپنی روایتی کرپشن کو برقرار رکھتے ہوئے شہر بھر میں صارفین کو ہزاروں روپے کے اضافی بل بھجوادئیے جس پر شہریوں نے گذشتہ روز مثالی انصاف فائونڈیشن کے زیر اہتمام سوئی گیس کے کرپٹ ملازمین کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی اور ریجنل سوئی گیس آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا مظاہرین نے قینچی موڑ سے نکالی جانیوالی ریلی کے دوران سرگودہا لاہور روڈ بلاک کردیا جس کے باعث لاری اڈا روڈ ‘قینچی موڑ ‘نیو سیٹلائٹ ٹائون روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگئی ‘مثالی انصاف فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عوام اپنے ادا شدہ ٹیکسوں سے دیتے ہیں جبکہ تنخواہ لینے کے باوجود تمام سرکاری ملازمین عوام کو ذلیل و رسوا کرتے ہیں سرگودہا کی عوام باشعور ہیں جو انصاف فائونڈیشن کے پلیٹ فار م پر متحد ہوکر فیصلہ کرچکے ہیں کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم بنیں گے وگرنہ انہیں نوکریاں چھوڑنی پڑیں گی جس کا آغاز آج محکمہ سوئی گیس کیخلاف ریلی سے کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا محکمہ سوئی گیس نے آج تک بغیر رشوت کے کسی کا کام نہیں کیا بلکہ جن گھروں کا بل دو سو سے پانچ سو آتا تھا انہیں بیس ‘بیس ہزار کے بل بھجوادئیے گئے اسی طرح چند ایک پچاس ہزار سے زائد کے اضافی بل بھجوادئیے ۔حافظ عبدالرئوف نے ریلی کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استقلال آباد اور دیگر ملحقہ کالونیوں میں گیس پریشر ہر وقت کم رہتا ہے جس کی اصل وجہ سوئی گیس محکمہ میں موجود کرپٹ ملازمین ہیں جو سی این جی اسٹیشن مالکان کے ساتھ ملی بھگت کرکے گیس چوری کرواتے ہیں مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس کو جمعرات تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر جمعرات تک محکمہ نے اپنی ظالمانہ روش ختم نہ کی اور زائد بلوں کی درستگی عمل میں نہ لائی گئی تو محکمہ کیخلاف احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا جس کے باعث ہر قسم کے نقصان کا ذمہ دارمحکمہ سوئی گیس ہوگا ۔مظاہرین کے خوف سے محکمہ سوئی گیس کے ریجنل آفس کو تالے لگا دئیے گئے اور تمام ملازمین کمروں میں چھپ گئے ۔

یہ بھی پڑھیں  بھائی پھیرو:2گروپوں میں فائرنگ،18سالہ طالب علم جاں بحق

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker