
راولپنڈی (مانیٹرنگ سیل)محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن نے گیس چوری کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 1000میٹر طویل غیر قانونی گیس پائپ لائن کا سراغ لگا لیا ،انچارج کسٹمر سروس و چیف آفیسر میڈیا آفیئرز شاہد اکرم نے بتایا کہ سوئی گیس ریجنل آفس راولپنڈی کی ٹیم نے ایف آئی اے اور پولیس کے تعاون سے ڈھوک اعوان جہلم روڈ راولپنڈی میں چھاپہ مارا جہاں غیر قانونی طور پر 1000میٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے گیس چوری کا عمل جاری تھا اور 250سے زائد گھروں کو گیس فراہم کی جارہی تھی گیس چوری کے اس کیس کی ایف آئی آر کا اندراج ایف آئی اے راولپنڈی میں کر دیا گیا ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف گیس چوری کے قانون کے تحت کارروائی کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے گی ۔ترجمان ایس این جی پی ایل شاہد اکرم نے کہاکہ لائن لاسز کو حتی الامکان کم سے کم کرنے کے لیے گیس چوروں کے خلاف چھاپوں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک گیس چوری میں ملوث افراد کو سزائیں نہ دے دی جائیں انہوں نے خبردار کیاکہ اس طرح کے غیر قانونی گیس کنکشنز اور تنصیبات ارد گرد رہائش پذیر مکینوں کے جان و مال کے لیے سخت خطرہ ہیں