اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم کو توہین عدالت کیس میں سزا پر اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کسی کی سماعت کررہا ہے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملہ انتہائی اہم لہٰذا لارجر بنچ بنایا جائے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم نے سزا قبول کی ہے نااہلیت نہیں۔ ہر سزا کا مطلب رکن اسمبلی کی نااہلی نہیں ہوتا۔ اعتزاز احسن کے بیان پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اپیل کے دلائل اس کیس میں نہیں دے سکتے۔ بادی النظر میں آپ نے فیصلہ قبول کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کی سزا کا نا اہلی سے براہ راست تعلق بنتا ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اسپیکر کو رولنگ دینے کا اختیار حاصل ہے۔ اس معاملہ میں اسپیکر کا کردار صرف پوسٹ مین کا نہیں ہے۔ دوسری طرف اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کل میں نے کمرا عدالت میں کوئی نازیبا اشارہ نہیں کیا لیکن ایک اخبار میں اس کو غلط رپورٹ کیا گیا۔ اعتزاز احسن نے لارجر بینچ بنانے سے متعلق مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم قانونی معاملہ ہے جس کیلئے لارجر بینچ تشکیل کیا جائے۔ کیس کی سماعت جاری ہے۔
You must be logged in to post a comment.