علاقائی

صنعتکار،تاجرحکومت کیخلاف لانگ مارچ کریں میں خوداس کی قیادت کرونگا، شہبازشریف

فیصل آباد ﴿نامہ نگار﴾ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتکار اور تاجر حکومت کے خلاف لانگ مارچ کریں۔ لانگ مارچ کی قیادت میں خود کروں گا، لوگ بھوکے مر رہے ہیں شہزادے دوشنبے میں مزے کر رہے ہیں۔ گیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں خود پارٹی بنوں گا، پیر کے روز فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے وفاقی حکومت نے خوربرد کا بازار گرم کیا ہوا سپورٹ پروگرام کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے۔ اسے عوام پر خرچ کیا جائے۔ ملک میں نہ صنعتیں چل رہی ہیں اور مزدور بیروزگار ہو گئے لیکن سپورٹ پروگرام کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر ہماری پارٹی اسلام آباد جائے گی اور یہ معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے کہ وہ گیس کمپنیوں کو پیسے دیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کروائیں۔ پاکستان کی معیشت کو مزید ڈبوایا جا رہا ہے اور اپنے لوگوں کو نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں اتنی سکت ہوتی تو ملک کے تمام سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کو اسلام آباد میں بلاتے اور ان سے اس معاملے کا حل پوچھتے لیکن انہوں نے 4سال کے عرصے میں ذرا بھی اس معاملے پر کام نہیں کیا۔ حکومت نے رینٹل پاور کی آڑ میں کرپشن کر لی لیکن ایک میگاواٹ بجلی حاصل نہیں کی۔ 4 سال میں ساڑھے 3 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا لیکن بجلی کا ایک میگاواٹ بھی نہیں حاصل کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج مزدوروں کے بیٹے سڑکوں پر بھوکے مر رہے ہیں لیکن شہزادے دوشنبے میں مزے کر رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انڈسٹری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام تاجروں اور صنعتکاروں سے کہتا ہوں کہ وہ لانگ مارچ کریں میں لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا اور سپریم کورٹ میں گیس اور بجلی کے معاملے پر خود پارٹی بنوں گا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker