فیصل آباد ﴿ بیورو رپورٹ﴾وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو اندرون شہر سفر کی سہل اور باوقار سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اربن ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت مقامی ٹرانسپورٹرز کی طرف سے فیصل آباد شہر میں ابتدائی طور پر 33۔ایئر کنڈیشنڈ سی این جی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پراجیکٹ پرعملدرآمد کے لئے ٹرانسپورٹرز کی طرف سے پیش کش کے سلسلے میں ضلع فیصل آبادصوبہ بھر میں سر فہرست ہے جبکہ مقامی ٹرانسپورٹرز کی منصوبے میں دلچسپی کی بدولت یہ سی این جی بسیں ہفتہ دس دن میں فیصل آباد پہنچ جائیں گی ۔مقامی ٹرانسپورٹرز نے رانا امان اللہ اور دیگر نمائندوں کے ہمراہ ڈی سی او نسیم صادق سے ملاقات کی اوروزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے عوامی سہولت کے اس منصوبے کے تحت بسوں کے اجرائ کیلئے پیش کش کرتے ہوئے اپنے حصے کی سرمایہ کاری کیلئے مالیاتی چیکس جمع کرائے۔سیکرٹری آر ٹی اے طارق محمود چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈی سی او نے شہریوں کے سفری ریلیف کے لئے مقامی ٹرانسپورٹر کی سرمایہ کاری اور فلاحی جذبے کو سراہا۔ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے شہری ترقی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اب شہر میں مختلف روٹس کی سڑکیں کشادہ وپائیدار ہونے کے علاوہ چوکوں کی ری ماڈلنگ اور سلپ روڈز بھی بن چکے ہیں لہذا سی این جی ایئر کنڈیشنڈ بسیں چلانے کے لئے ساز گار وموافق ذرائع مواصلات خوش آئند ہیں ۔سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ ماحول دوست اور آرام دہ یہ سی این جی بسیں مکمل ایئر کنڈیشنڈ ہیں جن میں ایل سی ڈی،کیمرے،آٹو میٹک دروازے موجود ہیں۔منصوبے کے تحت خواہشمند ٹرانسپورٹرز کو بسوں کی قیمت کا 20فیصد جمع کرانا ہوگا جبکہ 20فیصد حصہ پنجاب حکومت ادا کرے گی اور 60فیصد بینک کی طرف سے فنانس کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ چائنا کی معروف آٹو موبائل کمپنی انکائی(Ankai)کی طرف سے بسوں کی پانچ سال تک تکنیکی دیکھ بھال اور سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
You must be logged in to post a comment.