تازہ ترینعلاقائی

ڈیرہ غازیخان:تعلیم کےذریعے ملکی ترقی اورخوشحالی کاپہلا قدم اٹھا لیاہے،DCO

ڈیرہ غازیخان(جنید ملک سے)ڈی سی او ڈیرہ غازیخان افتخارعلی سہو نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ملکی ترقی اور خوشحالی کا پہلا قدم اٹھا لیاہے . دانش سکول میں طلباؤطالبات کی تعلیم و تربیت ، کردار سازی اورنظم و ضبط پر خصوصی توجہ دی جائے گی . یکم جنوری سے پہلے تعلیمی سیشن کا آغاز کر دیا جائے گا جس کیلئے پرنسپلز ، اساتذہ ، انتظامیہ اور نان ٹیچکنگ سٹاف کی تعیناتی میرٹ پر مکمل کر لی گئی ہے . انہوں نے ان خیالات کااظہار دانش سکول میں طلباؤطالبات اور والدین کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا . انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا یہ خواب رہا ہے کہ وہ صوبہ کے غریب اور پسماندہ بچوں کو ایچی سن طرز کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کریں . آج اس خواب کو تعبیر مل رہی ہے . ڈی سی او افتخار علی سہو نے کہا کہ سو ایکڑ رقبہ پر محیط دانش سکول میں گرلز و بوائز اکیڈمک بلاک، سائنس لیبز ، آرٹ کلب ، کمپیوٹر روم ، آرٹ روم ، لائبریری ، کثیر المقاصد ہال ، بوائز و گرلز ہاسٹلز ، پرنسپلز ، اساتذہ اور سٹاف کی رہائش گاہیں ، پانی و بجلی ، روڈزاور فراہمی ونکاسی آب کے منصوبوں پر تقریبا 80 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جار ہی ہے . ڈی سی او افتخارعلی سہونے کہاکہ پہلے تعلیمی سیشن کیلئے 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں . بچوں کے وا لدین کی معاشی حالت کی جانچ پڑتال اور طلباؤطالبات کے تحریر ی ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد 60 طالبات اور 90 طلباء کو داخلہ کیلئے اہل قرار دیاگیا ہے . بوائز اور گرلز ونگ کے پرنسپلز بالترتیب کرنل (ر) افتخار احمد اور شبنم حسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دانش سکول میں زیر تعلیم طلباؤطالبات کی خوراک ، صحت اور لباس پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور امید ہے کہ چند ماہ کے بعد یہاں سے گھر جانے والے طلباؤطالبات میں والدین ایک منفرد اور مثبت تبدیلی محسوس کریں گے . پرنسپلز نے کہاکہ دانش سکول میں طلباؤطالبات کو نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں مشغول رکھا جائے گا اور باقاعدگی سے مذہبی اور ثقافتی تقریبات کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلے ، آرٹ ڈرائینگ ، زرعی تحقیق ، سپورٹس اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں کرائی جائیں گی پرنسپلز نے کہاکہ کلاس ششم میں داخل ہونے والے طلباؤطالبات کا سالانہ امتحان مارچ 2013 میں منعقد کرایا جائے گا اور 50 فیصد سے کم نمبر آنے پر اہم مضمون کا دوبارہ امتحان جون 2013 میں لیا جائے گا . اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض سائنس ٹیچر ردا کلیم اور �آئی ٹی ٹیچر شہزادہ علی رضا نے سرانجام دیئے . تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول کی سعادت اشتیاق احمد اور رابعہ اعجاز نے حاصل کی . تقریب میں ڈویژنل پبلک سکول و کالج کے پرنسپل کرنل (ر) ڈاکٹر محمد شہاب الدین شاہ، دانش سکول کے اساتذہ ، سٹاف ، طلباؤطالبات ، والدین اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی

یہ بھی پڑھیں  ترک وزیراعظم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker