تازہ ترینسائنس و آئی ٹی

پی ٹی اے نے ”ورڈ پریس“ پر بھی پابندی عائد کر دی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مشہور اوپن سورس بلاگنگ ویب سائٹ "Wordpress.com” کو بلاک کر دیا ہے اور اب پاکستان میں اس ویب سائٹ پر موجود بلاگز تک رسائی بند ہو گئی ہے۔غیر ملکی ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق ایسے بلاگز جن کے ایڈریس کے آخر میں ورڈ پریس ڈاٹ کام آتا ہے انہیں پاکستان میں بند کر دیا گیا ہے تاہم اس ویب سائٹ پر موجود ایسے بلاگز جو کسی دوسری جگہ سے خریدی گئی ڈومین پر ہیں ان تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ویب سائٹ پر موجود بلاگز تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کئے جانے پر ایرر میسج آتا ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں اس تک رسائی ممکن نہیں ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ورڈپریس کو بند کرنے کافیصلہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ غیر ملکی ویب سائٹ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی اے کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تحریک طالبان کی جانب سے ورڈپریس کو استعمال کرنے کے باعث اس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ پاکستان میں کوئی ایسا نظام موجود نہیں جسے استعمال کرتے ہوئے مخصوص ڈومین کو بند کیا جائے اس لئے پی ٹی اے نے پورا پلیٹ فارم ہی بند کر دیا ہے جس سے ہزاروں بلاگرز متاثر ہوئے ہیں۔ پی ٹی اے کے افسر نے مزید بتایا کہ پاکستان میں صارفین کی بڑی تعداد وڈپریس کو استعمال کرتی ہے اس لئے یہ پابندی عارضی ہے اور جلد ہی اسے اٹھا لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل فیس بک، فلکر، آئی ایم ڈی بی، ٹوئٹر اور وکی پیڈیا سمیت متعدد ویب سائٹس کو بھی عارضی بنیادوں پر بند کیا جا چکا ہے۔ اگر عارضی پابندی کی بات کی جائے تو مشہور ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب پر بھی 2012ءمیں عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی تھی جو کئی سال گزرنے کے باوجود تاحال برقرار ہے اور مستقبل قریب میں بھی اسے ہٹائے جانے کا امکان نظر نہیں آ رہا تاہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی بلاگرز جلد ہی ورڈپریس تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button