علاقائی

ملتان:کسی دبائو میں نہیں آئیں گے ‘ تمام فیصلے ملکی مفاد میں کئے جائیں گے، وزیر اعظم

ملتان﴿بیورو رپورٹ﴾وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ کسی دبائو میں نہیں آئیں گے ‘ تمام فیصلے ملکی مفاد میں کئے جائیں گے‘ امریکہ سے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ‘حکومت اپنے وسائل کے مطابق عوام کو سہولت دینا چاہتی ہے‘ارتقائ کے عمل سے گزر رہے ہیں ‘پارلیمنٹ ‘ عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام اداروں کی مضبوطی چاہتی ہے ‘مئی میں جمہوری حکومت اپنا پانچواں بجٹ پیش کرے گی‘عالمگیریت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید تعلیم سے ہم آہنگ ہونا وقت کی ضرورت ہے‘سرائیکی صوبے کا مطالبہ میرا نہیں جنوبی پنجاب کے عوام کا ہے اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے‘میڈیا پر قدغن نہیں لگائیں گے مزید آزادی دیں گے۔ وہ ہفتہ کو یہاں ایئر یونیورسٹی ملتان کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں میرے خاندان نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور ایئر یونیورسٹی کا ملتان میں قیام میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں عالمگیریت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید نظام تعلیم سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ سے ہم دنیا میں اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں جدید تعلیم دی جائے اور آپ لوگ یہاں دیہاتوں میں بیٹھ کر پوری دنیا سے منسلک ہوں۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تاہم جمہوری حکومت اپنے وسائل کے مطابق عوام کو ہر ممکن سہولت دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ایئر یونیورسٹی کا قیام میری دیرینہ خواہش تھی جو آج پوری ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایئر یونیورسٹی کا نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں اہم کردار ہے ملتان میں ایئر یونیورسٹی تعلیم میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیر اعظم نے امریکہ سے پاکستان کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے تاہم کسی دبائو میں آئے بغیر تمام فیصلے ملکی مفاد میں کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت ارتقائ کے عمل سے گزر رہی ہے پارلیمنٹ ‘ عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مئی میں اپنا پانچواں بجٹ پیش کریں گے۔ وزیر اعظم نے میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا میڈیا پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ ہماری کوشش ہے کہ میڈیا کو مزید آزادی دی جائے کیونکہ اس کی آزادی سے ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے اور حالیہ سینٹ انتخابات اس کی مثال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے کیونکہ اس سے حکومت کو اپنے سدھار میں بہت مدد ملتی ہے۔ سرائیکی صوبے کے قیام کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبے کے قیام کا مطالبہ میرا نہیں جنوبی پنجاب کے عوام کا ہے اور جمہوری حکومت تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ہی اس کا فیصلہ کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم ولایت شاہ اسلامیہ کالج سے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ ایئر یونیورسٹی کے ملتان کیمپس میں ہاسٹل کی سہولت اور دیگر شعبہ جات کے آغاز کے لئے تمام فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل رائو قمر سلمان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا ترقی میں اہم کردار ہے اور ملتان میں ایئر یونیورسٹی کا کیمپس وزیر اعظم کی خواہش پر قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملتان میں کیمپس جدید تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker