اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)نیٹو سپلائی کی بحالی کے اشارے آنے پر پاکستان کو شکاگو سمٹ میں شرکت کی دعوت دے دی گئی۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ ابھی کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا۔نیٹو ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کو شکاگو سمٹ میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شکاگو سمٹ افغانستان کے مستقبل کے لئے عالمی برادری کے کردار کا تعین کرے گا۔ افغانستان کے مستقبل میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صدارتی ترجمان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی پر کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے بعد دعوت قبول کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نیٹو سپلائی کی بندش پر عالمی طاقتوں نے بیس اور اکیس مئی کو شکاگو میں ہونے والے اجلاس سے پاکستان کو دور رکھا تھا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی جانب سے نیٹو سپلائی بحال کرنے کی تجویز پر اجلاس میں پاکستان کو شریک کیا جا رہا ہے۔
You must be logged in to post a comment.