ڈیرہ غازیخان﴿ بیورو رپورٹ﴾.ضلع ڈیرہ غازیخان سے 84 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کیلئے 9 خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں . 30اپریل سے بار دانہ کی ترسیل اور 2 مئی سے گندم خرید کی جائے گی . یہ بات ڈی سی او محمد شاہد نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرمراکز ڈیرہ غازیخان اور ریتڑہ سے سات سات ہزار ، تونسہ اور ٹبی قیصرانی سے دس دس ہزار، چوٹی اور کوٹ چھٹہ سے گیارہ ، گیارہ ہزار ، شادن لنڈ سے 14ہزار ، شاہ صدر دین سے آٹھ ہزار اور رند اڈہ سے چھ ہزارمیٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقررکیاگیاہے . ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنرز تنویر یزداں خان ، قمر الزمان قیصرانی اور رحمت اللہ بزدار کو اپنی تحصیلوں بالترتیب ڈیرہ غازیخان ،تونسہ اور کوٹ چھٹہ کا انچارج مقرر کر کے روزانہ کی بنیاد پر مراکز کا معائنہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں . علاوہ ازیں سیکرٹری آر ٹی اے مہر عزیزالرحمن سمرا ، ڈی او سوشل ویلفیئر فاروق احمد ، ڈی او سی اظہر حسین چانڈیہ ، ڈی او انٹر پرائز ز شفیق احمد کھوسہ ، ڈی او لیبر طاہر گورچانی ، ڈی او لائیو سٹاک اور ڈی ڈی او واٹر منیجمنٹ ملک طارق کو مرکز کوآرڈینیٹرمقرر کر دیاگیاہے ڈی سی او نے کہاکہ ضلعی کنٹرول روم 064-9260346 ان کی زیر نگرانی کام کر ے گا جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں بھی کنٹرول روم قائم کریں .ڈی سی او نے گندم خریداری مہم میں ڈیوٹی نہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور ڈیوٹی سرانجام دینے والوں کیلئے اعزازیہ دینے کے بھی احکامات جاری کیے . اجلاس میں متذکرہ افسران کے علاوہ ای ڈی او تعلیم چودھری عبدالمجید، ای ڈی او زراعت عبدالغفور غفاری ، ڈی او زراعت ملک امجد ، ڈی ایف سی فقیر حسین ، چیئرمین و ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شیخ اسرار احمد ، ای اے ڈی اے ابراہیم راشد ، علی عباس کھوسہ ، محمد رمضان فاروقی ، مظفرعلی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے .
You must be logged in to post a comment.