شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / بھائی پھیرو :شہر اور قرب وجوار کے علاقوں کوسموگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

بھائی پھیرو :شہر اور قرب وجوار کے علاقوں کوسموگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

بھائی پھیرو(نامہ نگار) بھائی پھیرو شہر اور قرب وجوار کے علاقوں کو گزشتہ سہ پہر سے ہی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا،جس نے موسم سرما کے شدید دھندزدہ دنوں کی یاد تازہ کردی۔سموگ کے اس اچانک اور بڑے حملے سے ہزاروں شہری آنکھوں میں چبھن اور سانس لینے میں دشواری کی بیماریوں میں مبتلا۔سموگ سے پریشان لوگ اس سے نجات کیلئے مساجد میں بارش کی دعائیں مانگتے رہے۔مقامی نجی ہسپتال کے معروف سینئر معالج ڈاکٹر عمران رفیع نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سموگ میں لوگوں کو چاہئے کہ سڑک اور بازاروں میں غیر ضروری طور پر چلنے سے پرہیز کریں بلا ضرورت سفر سے اجتناب کریں،آنکھوں پر چشمے کا استعمال یقینی بنائیں،پانی زیادہ پئیں،گھر واپسی پر آنکھوں کو صاف پانی سے دھوئیں اورٹھنڈا پانی پینے سے بھی پرہیز رکھیں۔معروف سماجی رہنما ملک محمد عثمان بوٹا، احمد جمال اور مقامی سماجی اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ماحول کی آلودگی ختم کرنے کیلئے ذمہ دار محکموں محکمہ ماحولیات،بلدیات،محکمہ صحت اور حکومتی سطح پر کبھی کوئی سنجیدہ کوشش دیکھنے میں نہیں آئی یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہماری فیکٹریوں اور کارخانوں سمیت اینٹین بنانے والے بھٹہ خشت بنا حفاظتی اقدامات کے ماحول کو بری طرح آلودہ کررہے ہیں۔خراب انجن والے سینکڑوں موٹرسائیکل رکشہ،چھوٹی بڑی گاڑیاں بھی ماحول کو خراب کرنے میں اپنا پورا حصہ ڈال رہی ہیں اور ان سب چیزوں کے انسانی صحت پر نہایت مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔بڑی مقدار میں جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کو ڈمپ کرنے کا کوئی مؤ ثر انتظام نہیں اور مٹی بھری ٹرالیوں اور شہر بھر کے گلی محلوں اور مین روڈ پر پڑی گردو غبار کی مناسب صفائی نہ ہونے سے اس سے اڑنے والے گردوغبار کے مرغولے ماحول کو مزید خراب کر رہے ہیں اور بلدیہ کے گڈ گورنس کے دعووں کا منہ چڑا رہے ہیں۔ اگر ایسی ہی صورتحال برقرار رہی تو شاید انسانیت کے خاتمے کیلئے جنگ و جدل کی ضرورت ہی پیش نہ آئے کیونکہ آلودہ ماحول ہی انسانی زندگی کو ختم کرنے کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں  این اے 122:مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف گتم گتھا

What is your opinion on this news?